کویت اردو نیوز : مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر کبوتروں کو کھانا کھلانا خلاف ورزی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق، انہوں نے کہا ہے کہ "ایسا کرنے پر 1000 ریال جرمانہ ہو گا”۔
انہوں نے کہا ہے کہ ‘فٹ پاتھ، پارک یا کسی بھی عوامی جگہ پر کبوتروں کو دانہ ڈالنےسے گندگی پھیلتی ہے’۔
"نئے میونسپل رولز کے مطابق ایسا کرنا پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور فٹ پاتھ بھی پبلک پراپرٹی ہے۔”
انہوں نے کہا ہے کہ ‘خلاف ورزی کو دہرانے پر جرمانہ دوگنا کر دیا جائے گا’۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ بلدیہ فٹ پاتھوں کی صفائی کے علاوہ شہر کی صفائی اور ماحول کی صفائی کے لیے ان فٹ پاتھ کی دھلائی بھی کرتی ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے روزگار کی تلاش میں شہر کی گلیوں اور محلوں میں گھومنے والے غیر ملکیوں کے خلاف مہم شروع کی تھی ، خاص طور پر ایسے افراد جو عوامی مقامات اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں دھوتے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں دھونے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
بلدیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر کو منفی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے گا۔ شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔