کویت اردو نیوز، 3جون: سعودی مجلس شوریٰ نے ایئر ٹکٹس، فیول اور کارگو ریٹس کے حوالے سے مناسب اقدامات کرنے اور ساتھ ہی معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سعودی مجلس شوریٰ نے سول ایویایشن ڈپارٹمنٹ سے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اور ریجنل ایئر پورٹس کے ساتھ مسابقت کے پیش نظر ٹکٹس، فیول اور کارگو ریٹس کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
مجلس شوریٰ نے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی ہے۔
شوریٰ نے سول ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ فضائی کمپنیوں کو پروازوں سے متعلق معاہدوں پر تیزی سے عملدر آمد کا پابند بنائے۔
شوریٰ کا مطالبہ ہے کہ معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ اور انہیں ہر کلاس کی بکنگ پر رعایت دی جائے۔
شوریٰ نے سول ایوی ایشن کو ایوی ایشن کمپنیز کے خلاف مسافروں کی شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔