کویت اردو نیوز : ایک سعودی شخص نے تلوار چلنے سے فوراً پہلے بیٹے کے قاتل کو معاف کر دیا۔
سعودی شہری نے اپنے بیٹے کے قاتل کو سزائے موت دینے سے چند لمحے قبل ہی بڑی اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قاتل کومعاف کر دیا۔
جدہ کے علاقے ہمدانیہ میں 5 سال قبل معمولی بات پر جھگڑے کے نتیجے میں سعودی شہری کے بیٹے کو قتل کردیا گیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق علاقے میں پارکنگ کے تنازع پر 6 افراد کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتےہوئےچل بسا۔
پانچ سال پرانے اس واقعے کا مقدمہ عدالت میں چلا اور قاتل کو سزائے موت سنائی گئی۔ عدالتی فیصلے کے خلاف مجرم کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی۔
اپیل مسترد ہونے کے بعد قاتل کے اہل خانہ نے مقتول کے ورثاء سے رابطہ کیا، اس دوران اصلاحی کمیٹی نے بھی معاملہ سلجھانے کی کوشش کی تاہم مقتول کے والد صلح پر راضی نہیں ہوئے۔
قاتل کے ورثاء مایوسی کے عالم میں تھے اور بالآخر پھانسی کا دن آ ہی گیا۔
قصاص کے دن کورٹ کے اہلکار نے جرم کی نوعیت اور عدالتی فیصلے کا اعلان کیا لیکن آخری وقت پر مقتول کے والد نے جلاد کو تلوار واپس رکھنے کا اشارہ کیا۔
باپ نے کہا کہ میں صرف اللہ کے لیے اپنے بیٹے کے قاتل کو معاف کرتا ہوں۔
معافی نے قاتل کی ماں کی طرف سے ایک جذباتی ردعمل نکالا، جس نے روتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمت نہیں ہاری تھی۔