کویت اردو نیوز: کویت کے علاقے جہرہ میں گشت کرنے والے سیکورٹی افسران نے منشیات استعمال کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے سعد العبداللہ سٹی میں اپنی گاڑی کو بینک کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیا۔ جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پر سیکورٹی فورسز نے اس شخص کے قبضے سے نشہ آور اشیاء اور منشیات کا سامان برآمد کیا۔
ایک سیکیورٹی ذریعے نے انکشاف کیا کہ وزارت داخلہ کے آپریشن روم کو گزشتہ صبح کے وقت سعد العبد اللہ سٹی میں ایک بینک کے دروازے پر جاپانی ساختہ کار کے تصادم کے بارے میں اطلاع ملی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے پیدل ہی فرار ہوگیا۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے پایا کہ گاڑی ابھی تک اسٹارٹ حالت میں تھی، اہلکاروں کی جانب سے فوری طور پر ردعمل دیکھنے کو ملا اور علاقے کی تلاشی کے دوران اس شخص کی گرفتاری عمل میں آئی۔ احتیاطی طور پر تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس کے دو ٹکڑے، تقریباً 50 نشہ آور گولیاں اور منشیات کا سامان برآمد ہوا۔ گرفتار شخص کی قومیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
اس کے بعد، مشتبہ شخص کو سعد العبداللہ سٹی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں املاک کو نقصان پہنچانے اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تاہم جنرل ایڈمنسٹریشن فار نارکوٹکس کنٹرول کی شمولیت کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔