کویت اردو نیوز : چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی متعارف کروا دی ہے۔
اس گاڑی کو چینی کمپنی نے ٹیسلا کا مقابلہ کرنے کے لیے چین میں متعارف کرایا ہے۔
کمپنی اس گاڑی کی تیاری پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کر چکی ہے اور اس پر کئی سالوں سے کام جاری ہے۔
اسے Xiaomi SU7 کا نام دیا گیا ہے اور یہ اگلے چند ماہ میں چین میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے سی ای او لی جون نے ایک تقریب میں گاڑی کا اعلان کیا تاہم قیمت کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہماری کمپنی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ کے رہنما کے طور پر کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی اینڈرائیڈ کے ساتھ ساتھ ایپل کے آئی فون، آئی پیڈ، کار پلے ، ایئر پلے کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کے ڈیٹا پرائیویسی کا خیال رکھا گیا ہے۔
یہ گاڑی 2 مختلف ماڈلز میں دستیاب ہوگی جن میں سے ایک سنگل چارج پر 668 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی جبکہ دوسری 800 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔
اس کے مقابلے میں، Tesla Model S ایک ہی چارج پر 650 کلومیٹر تک سفر کر سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی تیزی سے چارج ہونے کے قابل ہو گی جبکہ اس کی سپر الیکٹرک موٹر ٹیکنالوجی گاڑی کی رفتار بڑھانے میں معاون ہے۔
چینی کمپنی نے یہ گاڑی ایک ایسے وقت میں متعارف کرائی ہے جب چین میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے درمیان مسابقت بڑھ رہی ہے۔