کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں حرمین اتھارٹی کے ماحولیاتی تحفظ کے شعبے کے نائب صدر انجینئر فوزی الحجیلی کا کہنا ہے کہ ’’روزانہ کی بنیاد پر 115 ٹن سینیٹائزر عبادت گاہوں کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں اور 30 ٹن سے زیادہ پرفیوم کا استعمال مسجد نبویؐ میں کیا جاتا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق انجینئر فوزی الحجیلی نے مسجد نبوی کی صفائی اور دیگر امور کے حوالے سے بتایا کہ صحنوں اور دیگر مقامات کی دھلائی اور صفائی کے لیے ماہر کارکنان کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ 600 سے زائد آلات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ”
تحفۃ انوائرمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مسجد نبوی کے فرش کی صفائی کے لیے 110 ٹن جب کہ قالینوں کی صفائی کے لیے 115 ٹن سینی ٹائزنگ اور پرفیوم استعمال ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ مسجد نبوی کی صفائی کے لیے 1520 سے زائد کارکنان تعینات کیے گئے ہیں۔ 35 جدید ترین صفائی مشینیں بھی زیر استعمال ہیں، یہ مشینیں بیٹری سے چلنے والی ہیں اور بغیر آواز کے کام کرتی ہیں۔
مسجد نبوی کے اندر اور باہر سے روزانہ 45 ٹن کچرا جمع کیا جاتا ہے۔ ان میں استعمال شدہ پینے کے گلاس اور افطاری کے لیے مختلف اشیا اور ڈسپوزایبل بکس شامل ہیں۔
مسجد کی چھت، اس کے فرش اور راہداریوں کو دن میں تین بار دھویا جاتا ہے، جب کہ بارش اور گردوغبار کے موقع پر دن میں پانچ بار دھلائی اور صفائی کی جاتی ہے۔