کویت اردو نیوز : جاپان کے نیو چٹوز ایئرپورٹ کے رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے جن میں سے ایک طیارے میں 280 سے زائد افراد سوار تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں دو ہفتوں میں دوسری بار دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے ہیں ، تازہ ترین واقعہ ہوکائیڈو کے نیو چٹوز ہوائی اڈے پر پیش آیا۔
کورین ایئر کا ایک طیارہ 289 مسافروں سمیت ہانگ کانگ کی ایئر لائن کیتھے پیسیفک سے رن وے پر ٹکڑا گیا جس میں کوئی مسافر نہیں تھا۔ تصادم کے بعد رن وےپرایمرجنسی نافذکردی گئی۔
سیکیورٹی حکام نے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فائر بریگیڈ اور ایوی ایشن کے اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ابھی تک اس حادثے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ برف باری کے باعث نیو چٹوز ایئرپورٹ پر درجنوں پروازیں پہلے ہی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 2 جنوری کو ٹوکیو کے ہنیدا ایئرپورٹ پر جاپان ایئرلائنز اور کوسٹ گارڈ کے طیاروں میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔