کویت اردو نیوز : جہاز میں سوار مسافر نے خاتون کیبن عملے کو کاٹ لیا، جس کی وجہ سے پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ۔
جاپان سے روانہ ہونے والے مسافر طیارے میں کیبن کریو کی خاتون رکن کو ایک مسافر نے کاٹ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ایئرلائن کے مسافر طیارے میں پیش آیا جو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے 159 مسافروں کو لے کر اپنی منزل کی طرف روانہ ہوا۔ 55 سالہ امریکی شہری پرواز کے دوران نشے میں تھا۔ جس نے عملے کی ایک خاتون رکن کو کاٹا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شخص نے خاتون کو اتنا زور سے کاٹا کہ خاتون کے ہاتھ پر دانتوں کے نشان بن گئے اور اس کا ہاتھ بھی زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد پائلٹ نے واپس ٹوکیو میں ہنگامی لینڈنگ کی جہاں امریکی شہری کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور خاتون کو طبی امداد دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل 2022 میں بھی دو مختلف امریکی ایئرلائنز میں پرواز کے عملے کو مسافروں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر انہیں بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا تھا۔