کویت اردو نیوز : سعودی وزیرخزانہ محمد الجدعان کاکہناہےکہ "سعودی عرب عوام پر انکم ٹیکس لگانےکی منصوبہ بندی نہیں کررہا ہے ۔
محمد الجدعان ورلڈ اکنامک فورم کے دوران بلومبرگ کے ساتھ گفتگو میں سوال کا جواب دے رہے تھے۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب میں افراد پر انکم ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی پالیسی بالکل واضح ہے۔
محمد الجدعان نے کہا کہ ملک میں کمپنیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سے انکم ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی باشندوں سے زکوٰۃ وصول کی جا رہی ہے۔ اس میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘سعودی معیشت کا کچھ بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملکی معیشت کاروباری سرگرمیوں کے لیے زیادہ موزوں ہو جائے۔’
کم آمدنی والے ممالک اور افریقی ممالک کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم یہاں ایک ایئرکنڈیشنڈ ہال میں ہیں جب کہ افریقہ کے 600 ملین لوگوں کے پاس اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بجلی تک نہیں ہے۔
"ہم انہیں یہ نہیں کہہ سکتے کہ جا کر کیک کھائیں اور روٹی تلاش نہ کریں۔” یہ صرف منافقت ہو گی۔ ان کے اپنے مسائل ہیں۔ ان کے پاس گیس جیسے قدرتی وسائل ہیں، انہیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
محمد الجدعان نے کہا کہ ہمیں ان کی مدد کرنی ہے۔ ان کے نوجوانوں کو تربیت دینا ہو گی۔ یہ اقدام افریقہ اور کم آمدنی والے ممالک میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔