کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز مسجد نبوی میں معذور افراد کو خصوصی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرم شریف کے نگران نے مسجد نبوی میں معذور افراد کو زمزم کا پانی فراہم کیا۔ انہیں آسان زبان میں عبادت کے طریقہ کار کی وضاحت کرنے والے کتابچے اور قرآن پاک کے نسخے فراہم کئے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے معذوروں کی نقل و حرکت کی سہولت کے لیے دروازوں کے قریب خصوصی مصلے مختص کیے ہیں۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو معذور افراد مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کرنا چاہتے ہیں وہ گیٹ نمبر 5 اور 6 سے براہ راست مغربی چھت پر جا سکتے ہیں جہاں خطبہ جمعہ کا ترجمہ اشاروں کی زبان میں بھی دکھایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مسجد نبوی کے کئی دروازوں سے ملحقہ خصوصی مصلے قائم کی گئی ہیں جہاں بریل میں قرآن پاک کے نسخے دستیاب ہیں۔
نماز کے لیے کرسیاں بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ زمزم کا پانی بھی الگ نظام کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔مسجد نبوی کی انتظامیہ نے صحن میں جانے کے لیے گولف گاڑیوں کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
معذور افراد آسانی سے مسجد نبوی اور اس کے صحنوں میں گھوم سکتے ہیں۔