کویت اردو نیوز : بحرینی ارکان پارلیمنٹ نے ایک ہفتے میں 3 دن کی تعطیل کی تجویز پیش کردی۔
بحرینی پارلیمنٹ کے پانچ ارکان حمد العلاوی، محمد البلوشی ، حماد الدوری، احمد قراطہ اور بدر التمیمی نے حکومت سے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین دن کی چھٹیوں کی درخواست کی۔
محمد العلوی نے اپنی تجویز کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بحرین ایک اسلامی ملک ہے اور اسلامی ریاستوں کے اپنے رسم و رواج ہیں، جمعہ کو نہ صرف ہمارے معاشرے میں اہمیت حاصل ہے بلکہ پوری مسلم دنیا سماجی اور مذہبی معاملات میں جمعہ کو مناتی ہے ، نئی صورت حال کے پیش نظر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل کا فیصلہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تین روزہ تعطیلات کے نظام کو نافذ کرنے سے خاندان کے افراد سے ملنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے اور ٹیکنالوجی کے انقلاب کے بچوں اور نئی نسل پر پڑنے والے منفی اثرات سے بھی بہتر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شارجہ میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین دن کی تعطیل پہلے سے ہی موجود ہے، جہاں ہر ادارے کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بقیہ دنوں میں جمعے کے ڈیوٹی اوقات کو ضرورت کے مطابق شامل کرے۔