کویت اردو نیوز : ایک وقت تھا جب نوکیا دنیا کی مقبول ترین موبائل فون کمپنی تھی جو گزشتہ برسوں میں مختلف اتار چڑھاؤ سے گزری اور اب اس کا دور اپنے اختتام کے قریب ہے۔
گزشتہ 8 سالوں سے نوکیا فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب اپنے اسمارٹ فونز پر نوکیا کا نام استعمال نہیں کرے گی۔
2016 میں، ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا فونز کا لائسنس حاصل کیا جس کے بعد نوکیا اسمارٹ فونز دوبارہ ابھرے۔
لیکن اب بلیک بیری کی طرح نوکیا فونز کا دور بھی ختم ہونے جا رہا ہے۔
یہ دونوں کمپنیاں کسی زمانے میں سب سے زیادہ فون بیچنے والی تھیں لیکن دوسری کمپنیوں سے پیچھے رہ گئی ہیں۔
ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ہم نوکیا فونز کے مینوفیکچرر کے طور پر جانے جاتے ہیں، لیکن اب ہمارا نقطہ نظر اس سے آگے بڑھ رہا ہے اور ہم اپنی ڈیوائسز متعارف کرائیں گے۔
نوکیا فونز کا خاتمہ حیران کن نہیں ہے کیونکہ HMD نے 2023 میں پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے نام سے موبائل ڈیوائسز تیار کرے گا۔
ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا فونز کا لائسنس 10 سال کے لیے حاصل کیا تھا، اس لیے امکان ہے کہ وہ مزید 2 سال تک نوکیا فیچر فونز متعارف کرائے، لیکن اسمارٹ فونز تیار نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ 2010 کی دہائی میں موبائل فون کی فروخت میں کمی کے بعد مائیکروسافٹ نے 2013 میں نوکیا کو خریدنے کا اعلان کیا تھا تاہم 2 سال بعد اس فیصلے پر نظر ثانی کی تھی۔
جس کے بعد ایچ ایم ڈی گلوبل کو نوکیا فونز بنانے کا لائسنس مل گیا۔