پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن) ریاض سعودی عرب میں سالانہ سپورٹس ویک
کھیل نظم وضبط، ہار جیت کا حوصلہ اور برداشت سکھاکر قائدانہ صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سہیل بابر
بہترین ذہنی و جسمانی مقابلے بشمول ”تائیکوانڈو“ ا ور پی ٹی شو
کھیل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی نشوونما میں بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ریاض اپنے طلبا کو گاہے گاہے یہ مواقع فراہم کرتا رہتا ہے۔ اسی سلسلے میں سالانہ انٹر ہاؤسز کھیلوں کے مقابلہ جات کئے گئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت ِ کلام ِپاک اور ترجمے سے ہوا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی سفارت خانہء پاکستان برائے سعودی عرب کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محترم سہیل بابر اور محمد معصوم تھے ۔
مہمانان ِ اعزاز کمیونٹی ویلفیئر اتاشی و رابطہ افسر سکول ہذا محترم نجم نواز ثاقب، وائس چئیرمین اسکول مینجمنٹ کمیٹی محترم ڈاکٹر عاطف اکرم، سیکرٹری اسکول مینجمنٹ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال ،مہمانانِ گرامی میں قائم مقام پرنسپل محمد نعیم اختر ، کوآرڈینیٹر بوائز ونگ ندیم اقبال اعوان، محمد ساجد خان کوآرڈینیٹرآفٹر نون اور والدین کی کثیر تعداد بھی جلوہ افروز تھی۔
سپورٹس ڈے کی میزبانی کے فرائض مدرسین غلام مجتبیٰ ، ثاقب الرحمٰن اور معتصم سرور نے بخوبی سرانجام دیئے اور گاہے گاہے ولولہ انگیز اشعار کے ذریعے طلبا اور حاضرین میں جوش و جذبہ پیدا کرتے رہے۔
ہیڈ بوائے حسن امتیاز اور محمد اعزاز نےسپورٹس ڈے کے آغاز کی باقاعدہ اجازت لی اور مشعل برداری کی۔سپورٹس ڈے میں پانچویں تا بارہویں جماعت کے طلباء نے چھے ہاؤسز میں منقسم ملک عبدالعزیز ، جناح، اقبال ،سرسید ، جوہر اور لیاقت علی میں حصہ لیا۔طلباء نے مقابلوں میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔یہ مقابلے جو پورے ہفتہ سے جاری تھے اُن کے فائنل راونڈز سپورٹس ڈے پر ہوئے۔ سپورٹس ڈے کی نگرانی فزیکل انسٹرکٹر ز محمد آصف اور محمد کاشف نے بہت احسن انداز سے کی۔
کوآرڈینیٹر بوائز ونگ ندیم اقبال اعوان اور کوآرڈینیٹر آفٹر نون محمد ساجد خان اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی لمحات اسکول کو عطا کیے جو اُن کی علم دوستی و محبت کا علمبردار ہیں ۔ انہوں نے اسکول کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا ۔ اسکول کلبز اورسوسائیٹیز کا ذکر کرتے ہوئے سپورٹس ڈے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نےنصابی اور ہم نصابی شاندار کامیابوں کا سہرا پرنسپل محمد تنویر کی قائدانہ راہنمائی اور اساتذہ کرام کی محنت کا ثمر بارکو قرار دیا۔
سپورٹس ڈے کی خاص بات جس پر حاضرین عش عش کراُٹھے وہ پی ٹی شو تھا۔ سب سے پہلے طلباء نے مہمانوں کو سلامی پیش کی، اس کے بعد جسمانی ورزش مختلف لیکن منظم اندازمیں پیش کی اور اس کاوش کے پیچھے فیزیکل انسٹرکٹر محمد کاشف اور محمد الیاس (جو کہ اس پی ٹی شو کوکمانڈبھی کر رہے تھے) کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ تھا۔ حاضرین نے طلباء اور اساتذہ کی محنت پر دل کھول کر داد دی۔
والدین اور اساتذہ کے درمیان رسہ کشی ہمیشہ کا ایک مقبول اور پُر لطف مقابلہ رہا ہے۔ فریقین نے بھرپور دلچسپی دکھائی اور اِمسال بھی یہ مقابلہ اساتذہ نے جیت لیا۔
سپورٹس ڈے میں ہمیشہ کی طرح تائیکوانڈو شو شاندار رہا جس میں محمد کاشف کی سربراہی میں طلباء نے جارحانہ اور دفاعی تدابیر کا مظاہرہ کرکےاِس دِن کو چارچاند لگا دئیے۔ شو میں طلباء اور کمانڈر نے کنکریٹ کی اینٹوں کو (اپنا حریف تصور کرتے ہوئے)توڑکرحاضرین کو انگشت بدنداں کردیا۔تمام حاضرین نےتائیکوانڈو شو کو بہت سراہا۔ خواتین معلمات کی طرف سے حاضرین کی تسکین طبع کے لیےٹیبلوز پیش کیے گئے۔
گاہے گاہے طلبا کو انعامات بدست ِمہماناں خصوصی تقسیم کئے گئے۔ صبح کی شفٹ میں، ملک عبدالعزیز ہاؤس کو پہلی،سرسید ہاؤس کو دوسری ، اقبال اور جناح ہاؤس کو مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافیز دی گئیں۔ شام کی شفٹ میں، جناح ہاؤس کو پہلی،اقبال کو دوسری ، سرسید ہاؤس کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافیز دی گئیں۔
اِس کے بعد قائم مقام پرنسپل محمد نعیم اختر صاحب کو خطاب کی دعوت دی گئی،اُنھوں نے سب سے پہلے اس تقریب میں تشریف لانے پر مہمانانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے قیمتی وقت میں سے یہاں تشریف آوری علم دوستی اور اسکول کے ساتھ خصوصی محبت اور شفقت کی غماز ہے۔
اُنھوں نے دادِتحسین دیتے ہوئے بتایا کہ اتنا کامیاب پی ٹی شو اور تائیکوانڈو شو بہت کم مدت میں تیار کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ ! اسکول مینجمنٹ کمیٹی کی سرپرستی اور اساتذہ کی کاوشوں کے باعث اسکول نہ صرف نصابی بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔طلبا کو مثالی نظم و ضبط اور کارکردگی پر خوب سراہا اور کہا کہ کھیل طلباء کے اندر قوتِ برداشت اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔ انھوں نے اساتذہ کرام کی محنت پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔ آخر میں انھوں نے ایک بار پھر تمام مہمانوں اور والدین کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محترم سہیل بابر، محمد معصوم،اسکول مینجمنٹ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال سے باالترتیب خطاب کے لیے استدعا کی گئی۔ انہوں نےاپنے خطاب میں فرمایاسپورٹس ویک کو اتنا کامیاب بنانے پر میں اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اتنے کم وقت میں اتنی اچھی کاکردگی دِکھانے پر طلباء اور اساتذہ کو بھرپورشاباش دی۔ طلبا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نصاب کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں انسانی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نظم وضبط، ہار جیت کا حوصلہ اور برداشت سکھاکر قائدانہ صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔اُمید ہے کہ اسکول ہذا طلباء کی ذہنی و جسمانی صلاحیتیوں کی آبیاری اسی نہج پر جاری رکھے گا۔ آخر میں پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
رپورٹ بذریعہ: سعدیہ خان (سعودی عرب)