کویت اردو نیوز : گوادر اور گردونواح کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، نگور میں بارش سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں، جس کے باعث پانی گوادر شہر کی جانب بڑھنے کا خدشہ ہے۔
طوفانی بارشوں کے بعد تشویش ناک صورت حال کے باعث گوادر کوآفت زدہ قراردیا گیاہے۔
نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ نے گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
گوادر میں بارشوں کے بعد کئی علاقے تاحال زیر آب ہیں جب کہ مزید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سول اسپتال میں پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے، متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں اور راشن کی تقسیم تیزی سےجاری ہے۔
شہریوں کو شکایت ہے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ بچے، خواتین اور بوڑھے بھوک اور پیاس سے نڈھال ہیں۔ 3 دن سے کوئی نہیں سو سکا۔
لیویز اہلکار پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے نوکنڈی کے دلدلی علاقے میں پہنچ گئے، متاثرین میں خوراک، پانی اور کمبل تقسیم کیے گئے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی سڑکیں زیر آب آگئیں جب کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع مستونگ، قلات، چمن، قلعہ عبداللہ اور چاغی، پشین بھی بارش کے باعث زیر آب آگئےہیں۔
گوادر میں گزشتہ دو روز کے دوران 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔