کویت اردو نیوز : سوڈانی مسلمان بھی دیگر مسلمانوں کی طرح نیکیوں کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں لیکن اس حوالے سے ایک عجیب رسم ہے جسے روزہ دار افطار کرتے وقت اپناتے ہیں۔ سوڈان کی یہ رسم انتہائی حیران کن ہے ۔
رمضان کے مہینے میں، سوڈانی مسافروں کا راستہ روکتے ہیں، اور یہ رسم پورے ملک میں ایک مقامی رسم کے طور پر رائج ہے اور اب اسے ثقافتی ورثے کا درجہ بھی حاصل ہے۔
رواج کے مطابق، جیسے ہی افطاری کا وقت قریب آتا ہے، سوڈانی لوگ سڑکوں سمیت اہم شاہراہوں کو بند کر دیتے ہیں، اس لیے کہ راہگیروں کو زبردستی اپنے ساتھ افطار میں شامل کریں ۔
سوڈان کے شہر خرطوم میں مختلف ممالک کو ملانے والی سڑکوں سے متصل علاقوں کے لوگ غروب آفتاب سے کچھ دیر پہلے سڑکوں پر آتے ہیں اور روزے داروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔
یہ لوگ روزہ داروں کو روکنے کے لیے ہاتھ ہلاتے ہیں اور ان میں سے کچھ تو اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر روزہ داروں کی گاڑیوں کو روکتے ہیں تاکہ وہ افطاری میں شامل ہو سکیں۔
مقامی باشندے بھی افطاری سے قبل سڑک کے قریب گدے بچھا کر روزہ داروں کا انتظار کرتے ہیں۔