کویت اردو نیوز : سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں صرف ایک بار عمرہ کی اجازت ہوگی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زائرین کے لیے عمرہ کی سہولت فراہم کرنا ہے اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے "نسک ” درخواست کے ذریعے اجازت نامہ جاری کرنا ہوگا۔
وزارت نے ایک بیان میں کہاہےکہ "مقدس مہینے کے دوران دو یا دو سے زیادہ عمرہ کرنے کے اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ یہ اقدام بھیڑ کو کم کرنے اور دیگر تمام عازمین کو مقدس مہینے کے دوران آرام اور سکون کے ساتھ عمرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے،”
نسک ایپلی کیشن سسٹم کے تحت اگر کوئی حاجی رمضان المبارک کے دوران دوسری بار عمرہ کا پرمٹ جاری کرنا چاہتا ہے تو ایک پیغام ظاہر ہوگا جس میں لکھا ہوگا کہ ’’پرمٹ کا اجراء ناکام ہوگیا‘‘۔
دوسری جانب سعودی عرب نے رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی پاسپورٹ سٹیمپ بھی متعارف کرادیاہے۔
وزارت داخلہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے وزارت ثقافت کے تعاون کیساتھ رمضان المبارک 1445 ہجری کے موسم کیلیے ایک منفرد پاسپورٹ سٹیمپ متعارف کرایا ہے ۔
سعودی حکام کے مطابق منفرد پاسپورٹ سٹیمپ پیش کرنے کا مقصد ماہ مقدس کو منانا اور رمضان کے مہینے میں ملک کے گہرے ثقافتی ورثے، روایات اور رواج کو فروغ دینا ہے۔