کویت اردو نیوز : یو اے ای کی وزارت صحت نے عمرہ اور حج کرنےوالوں کیلیے انفلوئنزاکی ویکسین لازمی قرار دےدی ہے۔ 26 مارچ 2024 بروز منگل سےاس بات پر عمل درآمد کیاجائے گا۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق، اماراتی وزارت صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن نے تصدیق کی ہے کہ امارات سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کو ویکسین کی تمام مطلوبہ بنیادی خوراکیں ملنی چاہئیں، بشمول انفلوئنزا کی ویکسین کے ۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ پر جانے کے خواہشمند افراد کو فلو وائرس سے بہتر حفاظت کے لیے سفر سے کم از کم 10 دن پہلے ویکسینیشن کا بندوبست کرنا چاہیے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منگل 26 مارچ 2024 سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کے لیے انفلوئنزا ویکسینیشن کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا۔
محکمہ صحت عامہ اور احتیاطی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نادی المرزوقی نے کہا کہ وہ مناسک کی ادائیگی کے دوران صحت کے مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کے دوران گرمی، تھکن اور جسمانی تناؤ سے بھی پرہیز کریں جو بعض اوقات بیماری کا باعث بنتے ہیں۔
ڈاکٹر المزروقی نے عمرہ اور حج کے مسافروں سے بھی کہا ہےکہ عمرہ اور حج کے زائرین، خاص طور پر بزرگ، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو جلد از جلد ویکسین لگوانے کی ضرورت ہے ، جو لوگ حفاظتی ویکسین لگاتے ہیں وہ مختلف قسم کی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔