کویت اردو نیوز ، 29 ستمبر 2023 : پاکستان اور خلیج تعاون کونسل نے ریاض میں مذاکرات کے آخری دور کے اختتام کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض میں ابتدائی آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیئے۔
وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک نے 26 سے 28 ستمبر کے دوران ریاض میں کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں مذاکرات کا آخری دور مکمل کرنے کے بعد آزاد تجارتی معاہدے کے ابتدائی مسودے پر دستخط کیے۔
مشترکہ بیان پر نگراں وزیر تجارت جوہر اعجاز اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے دستخط کیے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق معاہدے پر تیزی سے دستخط، توثیق اور عمل درآمد کے منتظر ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ایک نیا باب کھلے گا۔
تاہم، معاہدے پر دستخط اور عمل درآمد سے قبل ایک داخلی انتظامی اور منظوری کا عمل ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ابتدائی معاہدہ دونوں ممالک اور بین الاقوامی بلاکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت کی تصدیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی اقتصادی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں ایک اہم موڑ ہے جو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے ترقی اور خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ یہ 2009 کے بعد خلیج تعاون کونسل کا کسی بھی ملک کے ساتھ پہلا آزاد تجارتی معاہدہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزارت تجارت نے کہا: "ہمارے خلیج تعاون کونسل کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، اور آزاد تجارتی معاہدہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہمارے اقتصادی تعلقات ان بہترین تعلقات کی طرح ہیں۔”
واضح رہے کہ پاکستان 2005 سے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے کی کوششوں میں شامل ہے۔
گزشتہ سال جنوری میں دونوں ممالک نے 2022-2026 کے لیے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کو حتمی شکل دی تھی۔
دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ منصوبہ سیاسی، سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، خوراک کی حفاظت، نقل و حمل، توانائی، ماحولیات، صحت، ثقافت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کا فریم ورک فراہم کرے گا۔