کویت اردو نیوز : کار چوری کےدوران چورکو ایسادھچکا لگا کہ جس کی اسے توقع نہیں تھی۔ نقاب پوش چور کو یہ توقع ہی نہیں تھی کہ کار کی مالکن گاڑی کے اندر موجود ہے۔ خاتون کا 12 سالہ بیٹا بھی اس کیساتھ تھا، چور کو گاڑی کے اندر ان کی موجودگی نظر نہیں آئی۔ خاتون کو نہ دیکھنے کی وجہ چور کے سر پر رکھا ماسک ہو سکتا ہے یا چور کی دیکھنے کی صلاحیت ہو سکتی ہے ۔
کلپ میں بہادر ماں کو تیزی سے کار سے باہر نکلتے اور نقاب پوش چور کا پیچھا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چور جلدی سے وہاں سے فرار ہو گیا۔ 39 سالہ کیری چیپ مین اپنے 12 سال کے بیٹے کیساتھ کار میں بیٹھی اپنے موبائل فون پر ایک ویڈیو کلپ دیکھ رہی تھی، جب ان پرحملہ کیاگیا۔ یہ واقعہ جمعہ 29 مارچ کی رات گئے، شمالی انگلینڈ میں مانچسٹر کے قریب ایک قصبے بولٹن میں پیش آیا۔
بعد میں والدہ نے بتایا کہ پہلے تو مجھے لگا کہ کوئی دوست میرے ساتھ مذاق کر رہا ہے۔ لیکن پھر فوراً احساس ہوا کہ معاملہ زیادہ سنگین ہے کیونکہ چور نے ماسک پہن رکھا تھا۔ چور چار افراد کے گروہ کا حصہ تھا۔ خوش قسمتی سے، مجھے بہت معمولی چوٹیں آئیں۔ تاہم، میں اس بات کے بارے میں فکر مند ہوں کہ اس آزمائش کا میرے بیٹے، آسٹن پر کیا نفسیاتی اثر پڑے گا۔