کویت اردو نیوز 29 مئی: امریکی کورونا ویکسین فائزر کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، فائزر ویکسین پاکستان کو کوویکس کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں خصوصی طیارے پر لائی گئی ہیں جبکہ فائزر کورونا ویکسین کیلئے سرنجز 2 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائزر کوویکس سے پاکستان کو ملنے والی دوسری کورونا ویکسین ہے جبکہ رواں ماہ کوویکس کی جانب سے پاکستان کو آسٹرازنیکا ویکسین کی پہلی کھیپ ملی تھی۔ واضح رہے کہ فائزر پاکستان میں آنے والی چھٹی کورونا ویکسین ہے۔ فائزر ویکسین کو فیڈرل ای پی آئی کے ویئر ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل کوویکس کی فراہم کردہ مفت کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی۔ 12 لاکھ 38 ہزار کورونا ویکسین خوراکیں غیر ملکی ایئرلائن سے پاکستان پہنچائی گئیں۔
کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ فیڈرل ای پی آئی کے ویئرہاؤس منتقل کردی گئی ہے ، پاکستان کورونا وائرس سے متعلق عالمی اتحاد کوویکس کا رکن ملک ہے اور کوویکس پاکستان کی 20 فیصد آبادی کو مفت ویکسین فراہم کرے گا۔ یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بیان میں کہا تھا کہ کوویکس پاکستان کو ویکسین تین مراحل میں فراہم کرے گا۔ جون کے اختتام تک 17.1 ملین ویکسین فراہم کی جائیں گی۔ کوویکس پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر ویکسین کی 22.7 ملین خوراکیں فراہم کرے گا۔
کویت، سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک نے صرف 04 ویکسین (فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا اور جانسن) کو ہی منظوری دی ہے جس کے مطابق ان 04 ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین کی خوراک لینے والےافراد کو ہی ان ممالک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں آسٹرازینیکا ویکسین صرف ان افراد کو لگائی جا رہی ہے جن کی عمر 40 سال سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے عرب ممالک سے پاکستان گئے افراد کو فائزر ویکسین کا پاکستان پہنچنے کا بے صبری سے انتظار تھا۔