کویت اردو نیوز 13 جنوری: 131غیر ملکی سماجی کارکنان کو ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا۔
کویت کے ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق کویت کے ریاستی سول سروس کمیشن نے غیر ملکی سماجی کارکنوں کو نوکریوں سے معطل کرکے ان کی جگہ کویتی شہریوں کی بھرتیوں کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ پچھلے سال ملازمین کی کمی کی وجہ سے ان کو متبادل پالیسی سے استثنیٰ حاصل تھی۔
کمیشن نے وزارت تعلیم سے رواں تعلیمی سال کے لئے متبادل فہرستیں مرتب کرنے کی درخواست کی ہے جس میں کچھ تعلیمی اور انتظامی ملازمتوں میں غیر ملکی ملازمین کی خدمات ختم کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے جواب میں وزارت تعلیم نے اپنے مختلف شعبوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی ملازمین کی فہرست بنائیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ان میں اسکولوں اور وزارت میں 131 سماجی اور نفسیاتی شعبوں میں مہارت رکھنے والے غیر ملکی کارکنان شامل ہیں۔ ان کارکنوں کو عملے کی کمی کی وجہ سے پچھلے سال بدلے جانے سے استثنیٰ دیا گیا تھا لیکن کمیشن نے رواں سال سے متعلق "کویتائزیشن” پالیسی پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کویتی اور بدون سماجی کارکنوں کی ملازمتوں کے لئے درخواست دہندگان نے نوکری کے انٹرویو میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ان کی تقرری کا طریقہ کار غیر واضح وجوہات کی بناء پر فی الوقت رک گیا ہے۔ کمیشن نے ملازمین کی کمی کو دور کرنے کے لئے نفسیات کی 110 ڈگری رکھنے والے کویتی شہریوں کو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
کویت کی 4.8 ملین آبادی میں غیر ملکیوں کی تعداد تقریبا 3.4 ملین ہے جس کے سبب کویت کے متعدد ریاستی اداروں نے حال ہی میں کویتی شہریوں کو ترجیح دیتے ہوئے غیر ملکیوں کی خدمات حاصل کرنے کو کم سے کم کرنے کے منصوبوں کا انکشاف کیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں کویت میں غیر ملکیوں کی ملازمتوں کو کم کرنے کے لئے آبادکاری عدم توازن کے ازالے کے لئے مطالبات بڑھتے جارہے ہیں۔