کویت اردو نیوز 21 جنوری: رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑی مہم جلد شروع کی جائے گی۔ وزارت داخلہ رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سب سے بڑی مہم کی تیاری کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق باخبر سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ریزیڈنسی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے جنوری کے آخر میں رعایتی مدت ختم ہوجائے گی اور اب خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ یکم جنوری 2020 یا اس سے پہلے رہائشی اجازت ناموں کی تجدید نہ ہونے کی صورت میں اپنی رہائشی حیثیت میں ترمیم کے لئے وزارت داخلہ نے خلاف ورزی کرنے والوں کو کئی مواقع فراہم کئے تاہم اب وزارت داخلہ کوئی رعایت نہیں دے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت مہم کا آغاز کرنے والی ہے۔
مختلف سیکیورٹی شعبوں کے مابین ہم آہنگی پیدا ہوگئی ہے تاکہ حتمی تاریخ کا فائدہ اٹھانے سے انکار کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جاسکے۔ وزارت داخلہ نے ان غیرقانونی رہائش پذیر افراد کو دو ماہ تک رعایت دی تاہم اب وزارت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ان خلاف ورزی کرنے والوں کا رہائشی حیثيت میں ترمیم کا کوئی ارادہ ہی نہیں ہے۔ صورتِ حال کو کنٹرول کرنے کے لئے ان سب کو گرفتار کرنے اور ملک سے بے دخل کرنے کے لئے متعدد حفاظتی مہمات شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ ریزیڈنسی کی خلاف ورزی کرنے والے جنہوں نے ڈیڈ لائن سے فائدہ نہیں اٹھایا انکی تعداد 100،000 سے تجاوز کرچکی ہے انہوں نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ رعایتی مدت کے آغاز سے کل تک فائدہ اٹھانے والوں کی کل تعداد صرف 5،000 ہے جو کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد سے بہت کم ہے جو توقع کے برعکس ہے۔