کویت اردو نیوز 03 فروری: سپورٹس و ہیلتھ کلب اور صالون اگلے ہفتے سے بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق آج وزراء کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے دوران جزوی کرفیو، علاقائی لاک ڈاؤن کو بحال کرنے یا ہوائی اڈے کو بند کرنے کے فیصلے کو منسوخ کر دیا گیا ہے تاہم سپورٹس کلب اور صالون کو اگلے ہفتے سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریسٹورنٹس بھی اپنے کام کے اوقات محدود کرتے ہوئے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرنے کے مجاز ہوں گے جبکہ شاپنگ مالز صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی کہ کویت آنے والوں پر ایک ہفتے کے لئے ادارہ جاتی قرنطین لگانے کی بھی سفارش پیش کی گئی ہے تاہم فیصلے کی منظوری کے بعد اس کا اطلاق اس ماہ کے آخر میں ہوگا۔
آج بدھ کے روز گورنمنٹ مواصلات سینٹر کے سربراہ اور حکومت کے سرکاری ترجمان طارق المزرم نے اعلان کیا کہ وزراء کی کونسل نے مستقل پیروی کے فریم ورک کے تحت ایک غیر معمولی اجلاس منعقد کیا تھا تاکہ متعلقہ اتھارٹیز کی رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے پر متعلقہ حکام کی رپورٹس کے مطابق کویت میں کورونا وائرس، اسپتال میں مریضوں کی تعداد، انتہائی نگہداشت اور انفیکشن کی شرح میں اضافے کے معاملات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔