فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے واٹس ایپ کے نئے فیچرز جلد متعارف کرانے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مارک زکر برگ نے فیس بک کی زیر ملکیت پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل اپیلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کو خوش خبری سنائی۔ انہوں نے واٹس ایپ کے نئے فیچرز جلد متعارف کرانے کی تصدیق کی۔ ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے نئے فیچرز پر کام مکمل کرلیا ہے۔ رواں ماہ(جون) کے آخر تک تمام صارفین کے لیے یہ سہولیات متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ یہ فیچرز کون سے ہیں اس کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ نے پیغامات خود بہ خود ختم ہونے کے فیچر پر کام مکمل کرلیا ہے جس کی آزمائش بھی کامیاب رہی ہے۔
اس فیچر کے تحت صارف کو اپنے پاس آنے والے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز کو 7 دن میں خود بہ خود ڈیلیٹ کرنے کی سہولت ہوگی جس کے لیے اُسے سیٹنگز کے آپشن میں جاکر تبدیلی کرنا ہوگی۔ مارک زکر برگ نے ڈس اپیئر میسجز فیچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک بار میسج دیکھنے کے بعد پیغام، تصویر یا ویڈیو خود بہ خود غائب ہوجائیں گی جبکہ صارف کو اسکرین شارٹ لینے کا اختیار ہوگا‘۔
ملٹی لاگ ان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک ہی اکاؤنٹ کو مختلف ڈیوائسز میں لاگ ان کرنے کے فیچر پر کام جاری ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فیچر رواں ماہ (جون) کے آخر تک متعارف کرادیا جائے گا۔ اس فیچر کے تحت صارف کو کسی بھی موبائل، کمپیوٹر، ٹیب میں ایک بار ہی اپنا اکاؤنٹ لاگ ان کرنا ہوگا جس کے بعد وہ دونوں میں ہی ایک اکاؤنٹ کو استعمال کرسکے گا۔ فیس بک کے سربراہ نے ملٹی لاگ ان فیچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’صارفین کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ بیک وقت اپنا اکاؤنٹ، موبائل، کمپیوٹر اور ٹیب پر استعمال کرسکیں‘۔