کویت اردو نیوز : میٹا نے 2024 کی اپنی پہلی بڑی اپ ڈیٹ فیس بک اور انسٹاگرام پر متعارف کرائی ہے۔
کمپنی نے فیس بک اور انسٹاگرام کے نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے نئے ٹولز متعارف کرائے ہیں۔
فیس بک اور انسٹاگرام کی سرپرست کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ نوجوانوں کے تحفظ کے لیے نئی پالیسیاں لاگو کی جا رہی ہیں۔
نئی پالیسیوں کے تحت 18 سال سے کم عمر کے صارفین کے لیے سرچ اینڈ ایکسپلور جیسی خصوصیات کے ذریعے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور کھانے کی خرابی جیسے حساس مواد تک رسائی حاصل کرنا زیادہ مشکل ہو جائے گا۔
کمپنی نے کہا کہ وہ تمام نوجوانوں کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کی سیٹنگز کو تبدیل کر دے گی تاکہ حساس مواد تک رسائی مشکل ہو جائے۔
کمپنی نے کہاہےکہ "ہم یہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ہماری ایپس میں محفوظ اورعمرکے لحاظ سےمناسب مواد تک رسائی حاصل ہو، اسلیے ہم نوجوان صارفین کیلیے اضافی تحفظات کا اعلان کر رہے ہیں۔”
بلاگ کے مطابق، اگر کوئی نوجوان صارف کسی ایسے اکاؤنٹ کو فالو کرتا ہے جو حساس موضوعات پر پوسٹ کرتا ہے، تو وہ پوسٹس اس نوجوان کی فیڈ پر ظاہر نہیں ہوں گی۔
یہ اقدامات آنے والے ہفتوں میں لاگو ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب مختلف ممالک کی جانب سے اس پر تنقید کی جا رہی ہے۔
میٹا پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اپنی ایپس کے ذریعے نوجوان نسل میں ذہنی صحت کا بحران پیدا کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اکتوبر 2023 میں، 33 امریکی ریاستوں نے میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا کہ میٹا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خطرات کے بارے میں عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔
یورپی کمیشن نے میٹا کو یہ بھی واضح کرنے کی ہدایت کی ہے کہ بچوں کو غیر قانونی اور نقصان دہ مواد سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔