کویت اردو نیوز 29 جولائی: سعودی عرب نے کورونا سے متاثر زیادہ خطرے والے ممالک میں سفر کرنے والے شہریوں پر 3 سالہ سفری پابندی کا فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA نے منگل کو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کورونا وائرس اور اس کی نئی شکلوں کو روکنے کی کوششوں کے تحت ‘ریڈ لسٹ ممالک” میں سفر کرنے والے شہریوں پر تین سالہ سفری پابندی عائد کرے گا۔ بیان میں وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کچھ سعودی شہری جنہیں مئی میں مارچ 2020 کے بعد پہلی بار حکام کی پیشگی اجازت کے بغیر بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی نے سفری قواعد کی خلاف ورزی کی تھی۔ عہدیدار نے کہا کہ "جو بھی شہری اس عمل میں ملوث ثابت ہوا ہے اس کی
واپسی پر قانونی احتساب اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور اس پر تین سال کی سفری پابندی ہوگی۔”سعودی عرب نے افغانستان ، ارجنٹائن ، برازیل ، مصر ، ایتھوپیا ، ہندوستان ، انڈونیشیا ، لبنان ، پاکستان ، جنوبی افریقہ ، ترکی ، ویتنام اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک کے سفر یا آمدورفت پر پابندی عائد کی ہے۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ "وزارت داخلہ نے زور دیا ہے کہ شہریوں پر اب بھی ان ریاستوں یا کسی دوسرے ملک کے راستے بیان کئے گئے ممنوعہ ممالک میں جانے پر پابندی ہے جہاں پر وائرس پر کنٹرول مشکل ہورہا ہے یا جہاں نئے تغیر پذیر وائرس کی لہر پھیل چکی ہیں۔” گزشتہ روز خلیجی ریاست کی سب سے بڑی ریاست سعودی عرب جس کی تقریبا 30 ملین کی آبادی ہے میں کوویڈ19 کے 1،379 نئے معاملات ریکارڈ کئے گئے جس کے بعد کیسوں کی کل تعداد 520،774 جبکہ 8،189 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔