کویت اردو نیوز 08 جنوری: پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں برفانی طوفان سے گاڑیوں میں پھنسے کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کے پہاڑی شہر سیاحتی مقام مری میں ہزاروں زائرین کے ہجوم کے دوران بھاری برف باری کے باعث گاڑیوں میں پھنس جانے سے کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ جمعہ کی رات سے علاقے کو کلیئر کرانے کی پوری کوشش کر رہی ہے لیکن مری، گلیات اور باڑیاں آنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے حکام علاقے کو خالی کرانے میں ناکام رہے۔ مری جانے والی سڑکوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
فوج کو سڑکوں کو صاف کرنے اور اب بھی پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ "کم از کم 16 سے 19 افراد اپنی گاڑیوں کے اندر ہی جان کی بازی ہار گئے۔”
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ غیر معمولی طور پر شدید برف باری کو دیکھنے کے لیے گزشتہ چند دنوں میں 100,000 سے زائد کاریں خوبصورت شہر مری میں داخل ہوئیں جس کی وجہ سے آنے اور جانے والی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔
مری دارالحکومت اسلام آباد سے تقریباً 70 کلومیٹر (45 میل) شمال مشرق میں سیاحت کے لیے مشہور ہے جہاں ہر سال خاص طور پر برفباری کے دنوں میں اندرون ملک کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد سیر و تفریح کی غرض سے آتی ہے۔حالیہ سانحہ کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے کہا کہ مری کو "آفت کا علاقہ” قرار دیا گیا ہے اور لوگوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔