کویت اردو نیوز 11 فروری: خشک کنویں میں گر کر جاں بحق ہو جانے والے مراکشی بچے کے جنازے میں کالا کتا کیا کر رہا تھا؟
العربیہ اردو کے مطابق خشک کنویں میں گر کر جاں بحق ہونے والا مراکشی بچہ ریان جس کی موت کی خبر نے دنیا کو رلا دیا، موت کے بعد بھی خبروں میں ہے۔ خبر کے ساتھ منسلک تصویر ریان کے جنازے اور تدفین کی ہے جہاں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی مگر لاکھوں کے مجمعے میں ایک کتا بھی شامل ہے جس پر کسی کی نظر نہیں گئی۔
لواحقین، اقربا، رشتہ دار اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے سب لوگ واپس چلے گئے مگر کتا قبر کے پاس بیٹھا رہ گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریان کی تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ کے علاوہ تدفین کے تمام مراسم میں یہ کالا کتا موجود تھا۔
شاہدین کا کہنا ہے کہ ’کتا سارا وقت سر جھکائے بیٹھا رہا۔ تدفین کے موقع پر اس کی آنکھیں قبر پر جمی ہوئی تھیں اور غم و افسردگی اس پر واضح تھی‘۔
ریان کے افراد خانہ میں سے کسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کتے کے بارے میں واضح کیا کہ ’ریان دیگر بچوں سے مختلف تھا‘۔ ’یہ ہے تو آوارہ کتا مگر ریان ہر وقت اس کے ساتھ کھیلتا رہتا تھا، یوں سمجھ لیں کہ یہ کتا اسی کا تھا‘۔ وہ جہاں بھی جاتا یہ کتا اس کے ساتھ رہتا، اس نے ایک بکری بھی پالی ہوئی تھی۔ بلیوں کو بھی کھلاتا تھا‘۔
واضح رہے کہ مراکشی بچہ ریان خشک کنویں میں گر گیا تھا جسے نکالنے کی کوششیں پانچ دن تک جاری رہیں لیکن وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔