کویت اردو نیوز 09 اپریل: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس سے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے مستعفی ہونے کے بعد ایاز صادق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ حکومتی اراکین اپنی نشستیں چھوڑ کر اجلاس سے چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔ درخواست میں شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کے نام بھی شامل ہیں۔ اسلام آبادہائی کورٹ میں پیر کے روز سماعت مقرر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ
عمران خان نے امریکی سازش کا الزام لگایا تھا اس کی تحقیقات کا حکم دیاجائے۔ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت، خود مختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو ختم کر کے پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا ہے لہٰذا سنگین غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایاجائے۔