کویت اردو نیوز 24 مئی: بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں منکی پاکس کی ممکنہ موجودگی کے لئے اسکریننگ کا آغاز کردیا گیا، مسافروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیلنے والے نئے وائرس "منکی پاکس” کے پیش نظر ملک کے تمام بین الاقوامی ائرپورٹس پر گزشتہ رات 12 بجے سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ مخصوص کاؤنٹرز پر یورپ اور امریکہ سمیت منکی پاکس کی موجودگی کے حامل ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریینگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسکریننگ کے لئے کراچی ائیرپورٹ پر بھی کورونا وباء کی طرز پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیے گئے۔ کاؤنٹرز پر تھرمل گن کے ذریعے مسافروں میں تیز بخار کی کیفیت جانچی جا رہی ہے۔
کاؤنٹرز کا عملہ پی پی ایز کٹ اور ماسک سمیت حفاظتی اقدامات کے ساتھ اسکریننگ میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مہدی نے بتایا کہ ممکنہ مریضوں کو ائیرپورٹ کی حدود میں وفاقی ہیلتھ اسٹبلشمنٹ کے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک کسی مسافر میں منکی پاکس کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی جبکہ 16بیڈز پر مشتمل اسپتال میں منکی پاکس کے علاج و معالجے کے لئے تمام انتظامات موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی محکمہ ہیلتھ کی جانب سے سرکاری اسپتال منتقلی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔