کویت اردو نیوز 24 مئی: ابوظہبی میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی تارکین وطن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں کسی بھی عوامی جلوس یا احتجاج کے انعقاد کا حصہ نہ بنیں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں سفارتخانہ پاکستان نے ملک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو متنبہ کیا ہےکہ پاکستان میں جاری حالیہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر وہ کسی بھی عوامی جلسوں و احتجاج سے پرہیز کریں۔ اس تازہ ایڈوائزری کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے لیکن یہ 25 مئی کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے ایک دن پہلے ہے۔ پاکستان میں نئے انتخابات کے خواہاں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت اسلام آباد تک ان کے مارچ میں ان کے ساتھ شامل ہوں۔
پاکستانی سفارتخانے نے آج بروز منگل کو واضح کیا کہ "یہ متحدہ عرب امارات میں تمام پاکستانیوں کے نوٹس میں لانا ہے کہ مقامی قوانین کے مطابق کسی بھی قسم کا جلوس یا احتجاج غیر قانونی ہیں”۔
"یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط استعمال اور سیاق و سباق سے ہٹ کر سرگرمی بھی ممنوع ہے۔ تمام پاکستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونے سے گریز کریں۔ یاد رہےکہ عمران خان جنہوں نے ساڑھے تین سال سے زائد عرصے تک وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں کو تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ میں معزول کر دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکومت نے عمران خان پر اسلام آباد تک احتجاجی مارچ کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے اور ملک بھر میں چھاپوں کے دوران ان کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جبکہ اب تک سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔