کویت اردو نیوز 05 فروری: پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرویز مشرف امریکن ہاسپٹل دبئی میں زیر علاج تھے، پرویز مشرف کی فیملی ان کی میت کو پاکستان لانے پر سوچ بچار کر رہی ہے۔
پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لاء لگا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔ سابق صدر کا خاندان 1947 میں نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا تھا۔
پرویز مشرف نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی سکول سے تعلیم حاصل کی۔ پرویز مشرف نے بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ پرویز مشرف 1964 میں پاکستانی فوج میں شامل ہوئے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے 1961 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور بعد میں سپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔ وہ 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پرویز مشرف نے 12 اکتوبر1999 میں ملک میں ایمرجنسی لگا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھال لیا تھا اور 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔
دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اورآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعاکی ہے۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی ان کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔