کویت اردو نیوز : پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کے روز تمام متعلقہ محکموں کو مری، گلیات اور گردونواح میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے ۔
ضلعی انتظامیہ مری نے بھی تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں طوفانی بارش اور برفباری کا امکان ہے، سیاحوں کو تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے نمائندے کے مطابق (آج) اتوار کو برفباری کا امکان 70 فیصد تک جبکہ پیر کو بھی بارش اور برفباری کا 75 فیصد امکان ہے۔ 17 سے 22 فروری تک موسم کی صورتحال غیر یقینی رہنے کی توقع ہے۔
مری آنے والے سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے پروگرام کی منصوبہ بندی کریں۔ مری انتظامیہ نے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ متعلقہ محکمے سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن فورم استعمال کر رہے ہیں۔
سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر پر جانے سے پہلے اپنی گاڑیوں کو اچھی طرح چیک کریں اور متوقع برف باری کے پیش نظر تمام ضروری، ہنگامی ضروریات کو اپنے پاس رکھیں۔ ہنگامی صورت حال کی صورت میں سیاح PDMA ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔