کویت اردو نیوز، 3 مئی: اوکاڑہ کے ایک غریب محنت کش اخبار فروش محمد انور کی صاحبزادی ڈاکٹر فاخرہ انور نے ایم بی بی ایس میں سات گولڈ میڈل حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی،سوشل میڈیا پر ڈاکٹر فاخرہ انور کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
اوکاڑہ کا میٹرک پاس اخبار فروش محمد انور معاشی حالات کے ساتھ نہ دینے پر تعلیم جاری نہ رکھ سکا اور جاب کی تلاش شروع کردی لیکن مناسب جاب نہ ملنے پر اخبار کی فروخت شروع کر دی اسی دوران اسکی شادی بھی ہوگئی۔
محمد انور 46 سال سے اخبار بیچ رہا ہے بارش ہو یا آندھی گرمی ہو یا سردی اپنی ذمہ داری سے نہیں گھبرایا۔
آج محمد انور کی ایک بیٹی فاخرہ انور ڈاکٹر بن چکی ہے اور کئی گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکی ہے
انور کے بیٹے عبید اللہ انور نے ڈی فارمیسی کی اور فارماسسٹ بن کر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ میں گریڈ 18کا افسر ہے،تیسری بیٹی ایم فل کیمسٹری کر کے لیکچرار کی جاب کر رہی ہے، چھوٹی بیٹی ایم فل زولوجی جبکہ بیٹا بی ایس اونر کے ماسٹر ڈگری کا طالب علم ہے۔
محمد انور کے بچوں کو اپنے والد پر فخر ہے اور ان کا کہنا ہے کہ آج وہ جس مقام پر بھی ہیں اللہ تعالٰی کی کرم نوازی کے بعد اپنے والدین کی محنت کی بدولت ہیں، محمد انور آج بھی اخبار فروخت کرتا ہے۔