کویت اردو نیوز : بغیر کیل اور ستون کے خوبصورت مسجد سوات کے علاقے باغ ڈھیرئی میں دیار کی قیمتی لکڑی سے 8 سال میں تعمیر کی گئی ۔
مسجد کی تعمیر میں استعمال ہونے والی دیار کی نایاب لکڑی اور اس پر بنائے گئے خوبصورت نقش و نگار فن تعمیر کا ایک خوبصورت شاہکار ہیں۔ مسجد کی تعمیر ایسی ہے کہ کہیں ایک کیل بھی نہیں لگائی گئی، پوری مسجد میں کوئی ستون بھی نہیں۔
مسجد کی تعمیر کے حوالے سے علاقے کے عمائدین کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیر میں 8 سال کا عرصہ لگا، مسجد کی تعمیر 2001 ء میں شروع ہوئی اور 2008 ء میں مکمل ہوئی، مسجد کی تعمیر میں صرف دیار کی لکڑی کا استعمال کیا گیا ہے۔ ہر پھول دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جبکہ نقش و نگار تعمیر کے دوران کاریگر ہاتھ سے کرتے ہیں۔
مسجد کے منتظم محمد عمر نے بتایا کہ نقش و نگار کا کام سوات کے علاوہ چنیوٹ اور رسالپور کے کاریگروں نے کیا ہے جب کہ رمضان المبارک کے مہینے میں دور دور سے لوگ آتے ہیں اور مسجد کھچا کھچ بھری رہتی ہے۔