کویت اردو نیوز، 13 مئی: سلطنت عمان میں تعینات پاکستانی سفیر علی عمران چودھری اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسکولز عمان امیر حمزہ نے سلطنت عمان کے وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپنگ ڈاکٹر خلفان الشعیلی سے گزشتہ روز ایک ملاقات کی ۔
ملاقات میں وزیرِمحترم جناب ڈاکٹر خلفان الشعیلی نے پاک عمان تعلقات کو مضبوط کرنے پرسفیر پاکستان علی عمران چودھری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عمان کا برادر اسلامی ملک ہے سلطنت عمان کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تاریخی و ثقافتی تعلقات ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط اور پختہ ہوں گے۔
سفیر پاکستان جناب علی عمران چودھری نے وزیر محترم عزت مآب جناب ڈاکٹر خلفان الشعیلی سے گفتگو کرتے ہوئے سلطنت عمان کی دانش مندانہ اور حکیمانہ خارجہ پالیسی کی تعریف کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ جس طرح سلطنت عمان نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات استوار کیے ہیں خطے کے دیگر ممالک کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے نیز پاکستان بھی سلطنت عمان کی دانش مندانہ و حکیمانہ خارجہ پالیسی سے استفادہ حاصل کرے گا۔
سفیر پاکستان برائے عمان علی عمران چودھری نے وزیر محترم کو سیب صور، بریمی اور نزویٰ میں سکول کے لیے زمین لیز پر دینے، پاکستان سکول مسقط کی گزشتہ 6 برسوں سے رکی ہوئی لیز کو ری لیز کرنے، زمین کے ملکیتی حقوق دینے اور پاکستان سکول مسقط پر لیز کی مد میں عائد ہزاروں ریال جرمانہ ختم کرنے کی درخواست کی۔
محترم وزیر نے لیز کی مد میں عائد جرمانہ ختم کرنے کا وعدہ کیا اور متعلقہ علاقوں میں اسکولز کے لئے بھی جگہ فراہم کرنے کی حامی بھری ۔
آخر میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسکولز عمان امیر حمزہ نے وزیر محترم عزت مآب جناب ڈاکٹر خلفان الشعیلی کو بتایا کہ پاکستان سکول مسقط پچھلے 47 سالوں سے عمان میں مقیم 20 سے زائد مختلف قومیت کے حامل بچوں کو نہایت ہی کم فیس میں زیور تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے۔جس پر وزیر محترم نے خوش گوار حیرت کا اظہار کیا ۔
سفیر پاکستان نے اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسکولز عمان نے حکومت عمان کا شکریہ ادا کیا۔