کویت اردو نیوز، 5جون: سعودی حکومت نے سرمایہ کاروں کے لیے اکنامک زونز میں انوسٹمنٹ کرنے پر مختلف ٹیکس رعایتیں دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے سعودی عرب کے اکنامک زونز میں انویسٹمنٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس رعایتیں دینے کا اعلان کیا۔
محمد الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب اکنامک زونز میں انوسٹمنٹ کرنے والوں کو 20 برس تک رعایتی ٹیکس سہولت دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آجروں کو سوشل انشورنس ٹیکس سے بھی مستثنی کیا جائے گا۔
اکنامک زون میں آپریشنل اور مختلف اکنامک زونز میں موجود کمپنیوں کے درمیان بزنس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیا جائے گا جبکہ اعلٰی صلاحیت کے مالک افراد کو لانے کے لیے کمپنیز کو مختلف فیسوں سے استثنٰی دے گا۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کو ایک سال کے دوران درجہ بندی کرنے والی تین ایجنسیز نے تین بہترین درجے دیے ہیں جس سے ثابت ہوا کہ سعودی وژن 2030 ہمارا بہترین اقدام تھا اور ہم درست راستے پر گامزن ہیں