کویت اردو نیوز 23 جون: مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی زیارت کے دوران پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے مداحوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل جیت لئے کیونکہ وہ مسجد الحرام کے فرش کی صفائی کرتے ہوئے نظر آئے۔
اس عاجزانہ کام میں مصروف رضوان کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی، جس نے ان کی لگن اور عاجزی کی تعریف کی۔ رضوان کے ساتھ پاکستانی کپتان بابر اعظم، فخر زمان، فہیم اشرف، اور افتخار احمد ویڈیو میں دیکھے گئے ہیں جو اس وقت اسلام کے پانچویں ستون "حج” کو ادا کرنے سعودی عرب میں ہیں۔
حال ہی میں محمد رضوان اور بابر کی خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہوئے ایک اور ویڈیو نے بھی مقبولیت حاصل کی۔ اس سال کے شروع میں بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت متعدد پاکستانی کرکٹرز نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے جولائی کے وسط میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہے، جس کی تیاریاں 3 جولائی سے کراچی میں شروع ہوں گی۔