کویت اردو نیوز،28 جولائی: پاکستان میں خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ مستقبل میں حج کے لیے پاکستان کے مزید شہروں سے رُوٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا جس کی بدولت پاکستانی حجاج کے لیے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
پاکستان سعودی تعلقات کے موضوع پر ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ ’روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ بڑا اہم ہے اور اس سال اسلام آباد سے 26 ہزار سے زائد حجاج نے اس سے استفادہ کیا اور اگلے سال یہ پروجیکٹ کراچی اور لاہور سے بھی شروع کیا جائیگا۔
’اس مرتبہ حج کیلئے بہت اچھے اقدامات کیے گیے تھے ایک جگہ پر ایک ہی وقت میں 25 لاکھ سے زیادہ افراد کا اکٹھا ہونا بہت مشکل کام ہے، لیکن سعودی عرب کے پاس ان کے لیے انتظامات کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت اچھے، گہرے اور سٹریٹجک تعلقات ہیں جن میں مزید اضافہ ہوگا۔‘
اس موقع پر وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ’رواں سال سعودی عرب نے حج کے بہترین اقدامات کیے ہوئے تھے اور حجاج کی بڑھتی تعداد کیساتھ انتظامات میں بھی بہتری آرہی ہے۔‘
’اگلے سال پاکستان کے دو مزید شہروں سے روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ شروع ہو گا اور اس کے لیے حجاج کا کوٹہ ابھی سے مل گیا ہے۔ مستقبل میں حجاج کی روانگی کے لیے بحری اور زمینی سفر کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ حج کے اخراجات میں کمی اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے رہائش، خوراک اور سفر کے معاملات بہتر بنانا اہم ترجیح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات قیام پاکستان سے ہیں اور یہ تعلقات محض حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی ہیں۔‘