کویت اردو نیوز 18 ستمبر 2013: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما میاں عباد فاروق کا 9 سالہ بیٹا "عمار عباد” پیر کو مبینہ طور پر اپنے والد کے غم میں انتقال کر گیا۔
عباد فاروق کے بھائی نے بتایا کہ ان کے بھتیجے عمار عباد کی موت دماغی بیماری کی وجہ سے ہوئی جو ان کے والد کی گرفتاری کے بعد پیدا ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ننھا عمار عباد دماغی بیماری میں مبتلا تھا اور اپنے والد کی یاد میں روتا رہتا تھا۔ عمار کی نماز جنازہ منشی ہسپتال لاہور میں ادا کی گئی۔ اس سے قبل عباد فاروق نے جیل سے عمار کی حوصلہ افزائی کی تھی اور انہیں فکر نہ کرنے کا پیغام دیا تھا۔
واضح رہے کہ پی پی 149 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق 9 مئی کے واقعے کے مقدمے میں تاحال جیل میں ہیں۔
قبل ازیں پارٹی کارکنوں کے نام ایک مبینہ آڈیو پیغام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پارٹی رہنما یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید کے ہمراہ لاہور کور کمانڈر ہاؤس پہنچے ہیں۔
عباد فاروق نے کہا کہ ہمیں یاسمین راشد کی جانب سے کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگانے کی واضح ہدایات ملی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اعجاز چوہدری نے پی ٹی آئی چیئرمین کی رہائی تک نہ رکنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی بروز منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔
دور دراز اور بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے کیونکہ پارٹی کارکنان اپنے چیئرمین کی گرفتاری کی وجہ سے مشتعل تھے، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد نے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مسلح افواج کو طلب کیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے دوران لاہور میں فوج کی تنصیبات اور کور کمانڈر کے گھر پر حملہ ہوا۔