کویت اردو نیوز ،27 ستمبر 2023:ڈاکٹر سید تحسین اختر کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات ہمیں مختلف طریقے سے نقصان پہنچاتی ہیں ، بعض اوقات یہ دوائیاں مریض کو خاص قسم کے ڈائریا میں مبتلا کردیتی ہے ، جس سے مریض کی موت واقع ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر سننے میں آتا ہے کہ غلط انجکشن لگنے کی وجہ سے مریض مر گیا ، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا ، انجکشن ٹھیک ہوتا ہے لیکن مریض کی موت اینا فائلیکسس کی وجہ سے ہوجاتی ہے۔
ڈاکٹر سید تحسین اختر نے مزید کہا ہے کہ آپ جتنی زیادہ اینٹی بائیوٹکس استعمال کرتے ہیں اتنا ہی زیادہ بیکٹیریاز میں ’اینٹی مائکروبیئل ریزسٹنس‘ پیدا ہونے کے امکان بڑھتے ہیں، یعنی وقت کے ساتھ بیکٹریا اپنے آپ میں ایسی تبدیلیاں کر لیتے ہیں کہ ان پر ادویات کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے جسم میں موجود بیکڑیاز اپنی حالت بدلتے رہتے ہیں اگر ہم کسی ایسی بیماری میں اینٹی بائیوٹک کھا لیتے ہیں جس میں اُس دوائی کی ضرورت ہی نہیں تو ایسے میں بیکڑیا خود میں تبدیلیاں لے آتا ہے ، جس سے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے ۔