کویت اردو نیوز، 28 ستمبر 2023 : سعودی عرب میں دنیا کا پہلا کامیاب مکمل روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹ کر لیا گیا ہے ۔ یہ بے مثال کامیابی کنگ فیصل سپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں تکمیل کو پہنچی ہے ۔ 60 سالہ سعودی مریض ہیپا ٹوسیلولر اور نان الکوحل فیٹی لیور میں مبتلا تھا۔
سنٹر آف ایکسیلنس فار آرگن ٹرانسپلانٹس کے سی ای او اور روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹ کو انجام دینے والی میڈیکل ٹیم کے راہنما پروفیسر ڈائیٹر بروئرنگ نے کہا ہے کہ یہ اہم کامیابی طبی جدت طرازی اور دنیا بھر میں مریضوں کو فراہم کی جانیوالی صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کی نشان دہی کر رہی ہے۔
یہ روبوٹک آپریشن اعضاء کی پیوند کاری کی تاریخ میں انتہائی اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس پیوند کاری کو روایتی و روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹیشن کی وجہ سےمنفرد حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ یاد رہے 2018ء سے زندہ شخص سے جگر کے جزوی اخراج کیلیے مکمل طور پر روبوٹک سرجری پر انحصار کیاجارہاہے۔ مکمل روبوٹک جگر کی پیوند کاری دوسرے طریقوں سے مختلف ہوتی ہے۔ اس پیوند کاری میں مریض کے جسم میں چھوٹے کٹ لگاۓ جاتے ہیں، مریض جلدی صحتیاب ہوتا ہے اور پیچیدگیوں کے امکانات کم ہوتےہیں ۔
یہ روایتی لیور ٹرانسپلانٹیشن کے برعکس ہے۔ پرانے طریقے میں مریض کے جسم میں 15 سینٹی میٹر کا کٹ لگتا تھا اور اس سے 50 فی صد معاملات میں پیچیدگیاں پیدا ہوتیں تھیں جو خطرناک ہوتی تھی جس کی وجہ سے مریض کو لمبے عرصہ تک ہسپتال میں رہنا پڑتا تھا۔
واضح رہے کنگ فیصل اسپتال اعضاءکی پیوندکاری کیلیے روبوٹک سرجری کےخصوصی تربیتی مرکز کے طور پرکام کرتاہے۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹرکو دنیا کے صف اول کے طبی اداروں میں سے ایک سمجھاجاتا ہے۔ برانڈ فنانس کیمطابق کنگ فیصل ہسپتال 2023ء میں سے دنیا کے بہترین طبی اداروں کی فہرست میں 20ویں جبکہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں سب سے پہلے نمبر پر ہے۔