کویت اردو نیوز ، 1 اکتوبر 2023: جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹکئی میں ایک سانپ ملا ہے جس کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستان میں اس سے پہلے ایسا سانپ نہیں دیکھا گیا۔
وائلڈ لائف اویئرنس مشن اور سوشل میڈیا پیج پاکستانی سانپ نے اس انوکھے سانپ کی تصاویر شیئر کی ہیں اور اس کی شناخت کے لیے کہا ہے۔ ماہرین کے مطابق چند ہفتے قبل بلوچستان میں بھی ایسا ہی سانپ دیکھا گیا تھا تاہم یہ سانپ پاکستان میں پائے جانے والے سانپوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔
سانپوں پر تحقیق کرنے والے نوجوان محقق فہد ملک کا کہنا ہے کہ اس سانپ کو زندہ یا مردہ رکھنے کا حکم دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تحقیق کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ یہ سانپ پاکستان میں پائے جانے والے سانپوں کی کسی نسل سے تعلق رکھتا ہے یا کوئی نئی نسل ہے جس کا اس سے پہلے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہا کہ اس سانپ کا ابھی کوئی نام نہیں ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ یہ سانپوں کے انتہائی زہریلے خاندان سے تعلق رکھتا ہے، درمیانے زہریلے خاندان سے ہے یا مکمل طور پر غیر زہریلے خاندان سے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سانپ کو زندہ یا مردہ حاصل کرنے اور ماہرین کی نگرانی میں اس کی شناخت کرکے نام رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک سانپوں کی 97 اقسام دریافت ہو چکی ہیں جن میں سے صرف 8 اقسام کے سانپ زہریلے ہیں۔