کویت اردو نیوز ، 3 اکتوبر 2023: بھارتی ریاست میگھالیہ میں 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جب کہ دیگر ریاستوں ہریانہ، بنگال اور آسام میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلہ صبح سویرے ریاست میگھالیہ کے شمالی گارو پہاڑی علاقوں میں آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 تھی۔ زلزلے سے گھر لرز اٹھے اور لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ریاست میگھالیہ کے بعد ہریانہ، آسام، بنگال اور اتر پردیش میں بھی 2.5 اور 3.5 کے درمیان شدت کے آفٹر شاکس آئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ہریانہ کے روہتک سے 7 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ان پانچوں ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔
میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ متاثرہ علاقوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ابھی تک زلزلے کے جھٹکوں سے جانی و مالی نقصان کے حوالے سے کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم ایمبولینسز کو متاثرہ علاقوں میں سائرن بجتے ہوئے تیز رفتاری سے جاتے دیکھا گیا ہے۔
شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور اکثریت نے اپنا گھر بار چھوڑ کر میدانی اور کھلے علاقوں میں پناہ لی ہے۔
خیال رہے کہ ڈچ محقق فرینک ہوگربیٹس، جو آسمانی صف بندی پر مبنی اپنی زلزلے کی پیشین گوئیوں کے لیے جانا جاتا ہے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پاکستان کے قریب زلزلے کے آنے کے امکان کے بارے میں پوسٹ کیا۔
انہوں نے 30 ستمبر کو پاکستان اور اس کے آس پاس کے کچھ حصوں میں مشاہدہ کیے گئے ماحولیاتی اتار چڑھاؤ کو ایک آنے والے مضبوط زلزلے کے ممکنہ اشارے کے طور پر اجاگر کیا تاہم، Hoogerbeets نے خبردار کیا کہ ایسی پیشین گوئیوں کے بارے میں یقین کو قائم کرنا مشکل ہے۔