سعودی عرب کیطرف سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو مزید پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد 21 سے 30 ستمبر تک 13 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے بتایا کہ ’سعودی حکام کی جانب سے صرف 13 مزید پروازیں چلانے کی اجازت ملی ہے جس کے بعد تقریبا تین ہزار مزید مسافروں کو پاکستان سے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان انٹرنینشل ایئر لائنز نے سعودی عرب کے لیے 28 مزید پروازیں چلانے کی درخواست کی تھی۔
متعلقہ خبر: کویت 31 ممنوعہ ممالک کی پروازیں بحال کرنے پر غور
ترجمان کے مطابق سعودی حکومت نے فی الوقت 13 مزید پروازوں کی اجازت دی ہے جو کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والے خواہشمند مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتہائی کم ہیں۔
انہوں نے کہا ’ان پروازوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے جس کے بعد صرف 3 ہزار سے بھی کم مسافروں کو ٹکٹس دی جا سکیں گی۔‘
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے فضائی سفر پر عائد پابندیاں جزوی طور پر ختم ہونے کے بعد پاکستان سے سعودی عرب جانے والی 23 پروازوں کے ٹکٹس ایک ہی دن میں فروخت ہو گئے تھے۔
متعلقہ خبر: سلطنت عمان نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا
پی آئی اے حکام کے مطابق ’ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب جانے کے خواہش مند مسافروں کو جلد از جلد پہنچایا جائے تاکہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے مسائل درپیش نہ ہوں۔
28 پروازوں کی درخواست مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھ کر کی گئی تھی اور تقریبا 9 ہزار مسافروں کو لے جانے کا پلان ترتیب دیا گیا تھا تاہم سماجی فاصلے کی شرط کے ساتھ 13 پروازوں میں 3 ہزار سے بھی کم مسافر سفر کر پائیں گے۔