کویت اردو نیوز : اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والے غزہ کے معصوم بچوں نے پریس کانفرنس کر کے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی اور کہا کہ اسرائیل انہیں بھوکا مار رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
غزہ میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے باعث غزہ کے معصوم بچوں نے الشفاء اسپتال کے باہر پریس کانفرنس کرکے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ نے کی کوشش کی۔
10 سالہ بچے نے دیگر بچوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل پوری دنیا کے سامنے ہم پر بمباری کر رہا ہے اور وہ ہماری نسل کشی پر تلا ہوا ہے، وہ ہمیں بھوکا مار رہا ہے۔
بچوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل پوری دنیا سے جھوٹ بول رہا ہے کہ وہ مزاحمتی تنظیم سے لڑ رہا ہے ، حقیقت میں وہ ہم پر حملہ آور ہے اور ہم کئی بار موت سے بچ چکے ہیں۔
بچوں نے اپنی پریس کانفرنس کا اختتام امن، زندگی، تعلیم، علاج ، خوراک اور اسرائیل سے بدلہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔