کویت اردو نیوز ، 26 اکتوبر 2023 : امریکی ریاست مئین میں مختلف مقامات پر مسلح شخص کی فائرنگ سے 22 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ 40 سالہ مشتبہ شخص، جس کی شناخت رابرٹ کارڈ کے نام سے ہوئی ہے، نے سب سے پہلے لیوسٹن کے باؤلنگ کلب میں فائرنگ کی، جس میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے بعد ملزم نے براور ڈسٹری بیوشن سنٹر میں موجود لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے 60 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ پولیس نے خودکار رائفل پکڑے ہوئے ملزم کی تصویر جاری کی ہے۔ لیوسٹن اور اوبرن کے رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے اطلاع تک گھر کے اندر ہی رہیں۔ ملزم کی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ مئین ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور کاروبار بند کر دیا گیا ہے۔ حملہ آور کی تلاش جاری ہے اور پولیس نے اس سلسلے میں عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔