کویت اردو نیوز : پالتو کتے کو مالک کی تین جرابیں نگلنا مہنگا پڑ گیا۔
پالتو جانور پالنے کا شوق تقریباً سبھی کو ہوتا ہے لیکن ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بہت مشکل کام ہے جس کے لیے مالک کو ہمہ وقت چوکنا رہنا پڑتا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مولی نامی 10 سالہ کتیا نے انجانے میں اپنے مالک کے تین موزے نگل لیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالک کو واقعے کا علم اس وقت ہوا جب مولی نے کھانے پینے سے انکار کر دیا اور اس کی جسمانی حالت بھی سست ہونے لگی اور اسے الٹیاں ہونے لگیں۔
مالک مولی کو ایک ویٹرنری ہسپتال لے گیا جہاں اس کا ایکسرے کیا گیا اور ڈاکٹروں کو مولی کے پیٹ میں ایک گیند نما چیز ملی جس کے مزید ٹیسٹ کرنے پر معلوم ہوا کہ مولی نے مالک کی تین جرابوں کو نگل لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے بتایا کہ موزے کھانے کی وجہ سے مولی کا نظام انہضام مکمل طور پر بلاک ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ کچھ کھانے پینے سے قاصر تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق مولی کی پیٹ سے جرابیں نکالنے کے لیے گیسٹروٹومی اور انٹروٹومی کے ذریعے ایمرجنسی سرجری کی گئی اور اسے دو دن تک آئی سی یو میں رکھا گیا۔
مولی کے مالک کا کہنا ہے کہ اسے کامیاب سرجری کے بعد ہسپتال سے رہا کر دیا گیا اور اب وہ پہلے کی طرح کھیل رہی اور کھا رہی ہے ۔