کویت اردو نیوز : متحدہ عرب امارات میں راس الخیمہ کی ایک عدالت نے واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو ‘بے وقوف’ کہنے پر گروپ ممبر کو درہم 3,000 جرمانہ کردیا۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک شخص نے عدالت سے رجوع کیا اور واٹس ایپ گروپ کے رکن کی جانب سے بدسلوکی کے ثبوت پیش کیے۔
مدعی نے عدالت کو گروپ میں ہونے والی چیٹ دکھائی جس میں ایک ممبر نے ایڈمن کو لکھا ‘تم احمق ہو’۔ مدعی کا کہنا تھا کہ اس نے فٹ بال میچز کے حوالے سے ایک گروپ بنایا تھا جس میں میچ کے حوالے سے اپ ڈیٹس دی جاتی تھیں۔ ایڈمن نے بتایا کہ گروپ میں 110 ممبرز تھے جو میچ کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
مدعی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے گروپ میں اس کی توہین کی اور اسے ‘احمق’ کہا جس پر وہ شدید ذہنی اذیت اور ڈپریشن کا شکار ہے۔
مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے ڈی ایچ 100,000 ہرجانہ دیا جائے اور قانونی کارروائی کے تمام اخراجات بھی ادا کیے جائیں۔
عدالت میں مدعی علیہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل ذہنی طور پر کمزور ہے اور اسے اپنی حرکتوں پر کوئی اختیار نہیں، لہٰذا مقدمہ خارج کیا جائے۔ اس حوالے سے وکیل نے عدالت میں سرکاری اسپتال کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص ذہنی الجھن کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ خود پر قابو نہیں رکھ سکتا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ملزم کو 15 ہزار درہم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جسے اپیل کورٹ میں ریفر کیا گیا جہاں کیس کی سماعت کے بعد ہرجانے کی رقم کم کر کے 3 ہزار درہم کر دی گئی۔


















