کویت اردو نیوز : انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک نئی سروس نے صارفین کی ترقی کے معاملے میں مشہور ایپس جیسے TikTok، Facebook، YouTube، WhatsApp اور Instagram کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مصنوعی ذہانت (AI) چیٹ بوٹ ChatGPT نے ایک سال میں مقبولیت کے لحاظ سے دیگر تمام ایپس یا سروسز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی کو 30 نومبر 2022 کو دنیا میں متعارف کرایا گیا تھا اور ایک سال کے اندر اسے استعمال کرنے والوں کی تعداد حیران کن ہے۔
اس مقبول AI چیٹ بوٹ کو استعمال کرنے والے لوگ آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں، مضامین لکھ سکتے ہیں اور بہت کچھ کر سکتے ہیں ۔
اس کے متعارف ہونے کے 5 دنوں میں اسے استعمال کرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی اور 2 ماہ کے اندر اس کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
ایک سال کے اختتام پر چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 1 ارب 70 کروڑ ہے جو کہ ایک وقت میں 1 ارب 80 کروڑ تک پہنچ گئی تھی لیکن اس کے بعد اس میں کچھ کمی آئی ہے۔
اس طرح یہ ایک ارب سے زائد صارفین کے سنگ میل تک پہنچنے والی تیز ترین سروس بن گئی۔
اس کے مقابلے میں، سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں تقریباً 5 سال لگے، جب کہ انسٹاگرام کو 10 ملین ماہانہ صارفین تک پہنچنے میں 7.7 سال، یوٹیوب کو 8.1 سال، واٹس ایپ کو 7 سال اور فیس بک کو 8.7 سال انتظار کرنا پڑا۔
گزشتہ ایک سال کے دوران، لوگوں نے ChatGPT کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے، ای میل لکھنے سے لے کر CVs بنانے تک، جب کہ کچھ لوگ اسے استعمال کر کے دولت بھی کما رہے ہیں۔
اس عرصے کے دوران AI چیٹ بوٹ میں بھی کافی تبدیلیاں آئیں۔
ایک سال پہلے ChatGPT کا مفت ورژن متعارف کرایا گیا تھا، پھر ChatGPT Plus کے نام سے ماہانہ فیس والا ورژن سامنے آیا اور اب ChatGPT 4 ماڈل کام کر رہا ہے۔
یہ نیا ورژن زیادہ ڈیٹا کے ساتھ تربیت یافتہ ہے اور ہدایات کو پہلے سے بہتر سمجھ سکتا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی میں ایک اہم اپ ڈیٹ بات کرنے کی صلاحیت ہے اور جو لوگ ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں وہ موبائل ایپ کے ذریعے فوٹو شیئر کرتے ہوئے چیٹ بوٹ کے ساتھ چیٹ بھی کر سکتے ہیں۔
ChatGPT متعارف ہونے کے بعد، کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنے AI چیٹ بوٹس جاری کیے ہیں۔
مائیکروسافٹ نے سب سے پہلے Bing سرچ انجن کے حصے کے طور پر ChatGPT پر مبنی AI سسٹم بنایا اور بعد میں اس ٹیکنالوجی کو اپنی تمام سروسز میں شامل کیا۔
فروری میں، گوگل نے ایک AI چیٹ بوٹ متعارف کرایا، جبکہ میٹا بھی اس پر کام کر رہا ہے۔